دبئی(نیوزڈیسک) چیمپئنز ٹرافی2017 کی آخری2 پوزیشنز پر قبضے کی پاکستان ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کشمکش مزید تیز ہو گئی، اخراج سے بچنے کے لیے گرین شرٹس کو ہر صورت سری لنکا کو زیر کرنا ہوگا،کلین سویپ سے پوزیشن انتہائی مستحکم ہو جائے گی، ٹائیگرزنے جنوبی افریقہ کو کم سے کم ایک میچ میں ہرانے کی شرط پوری کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے ۔چیمپئنز ٹرافی 2017 کی آخری 2 دستیاب پوزیشنز پر قبضے کے لیے جنگ جاری ہے، اگر ٹائیگرز پاکستان اور بھارت کیخلاف سیریز والی فارم برقرار رکھتے ہوئے مہمان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو پھر ان کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر مہر تصدیق ثبت ہوجائے گی،اگر وہ 2-1 سے فاتح رہے تو پوائنٹس 96 ہوجائے گی۔اس وقت گرین شرٹس 87 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہیں، انھیں ویسٹ انڈیز سے آگے جانے کے لیے سری لنکا کو کم سے کم 3-2 سے زیر کرنا ہوگا،اگر وہ کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پھر 94 لیکن ہارنے پر پوائنٹس 84 رہ جائیں گے، یوں چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کی رسوائی گلے کا ہار بن جائے گی۔پاکستان 1998 میں ناک آو¿ٹ ٹرافی کے نام سے شروع ہونے والے اس ایونٹ میں آغاز سے ہی شریک رہا ہے، بنگلہ دیش نے آخری مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت 2006 میں کی تھی۔چیمپئنز ٹرافی کی ڈیڈ لائن گزرنے سے پہلے ابھی پاکستان کی ایک اور سیریز زمبابوے میں رہتی ہے جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اورسری لنکا کو کلین سویپ کرکے پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں بنگلہ دیش سے بھی آگے جاسکتاہے۔