انٹراپ(نیوزڈیسک) بیلجئیم میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں چھ گول کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔بلجئیم کے شہر انٹراپ میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ کے پول اے کے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کوارٹر کے نویں منٹ میں ویٹن جیکب کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔تاہم ان کی یہ برتری زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی اور چارمنٹ بعد ہی محمد عرفان نے پینالٹی کارنر پر گول کرکے میچ ایک ایک سے برابر کردیا۔دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی تاہم اس کے بعد کھیل پاکستان کے لیے کسی ڈراو¿نے خواب سے کم نہ تھا۔تیسرے کوارٹر اور چوتھے کوارٹر میں آسٹریلین ٹیم چھا گئی اور ایسے میں پاکستانی ڈیفنڈرز کی حیثیت صرف گیند کو جال جاتے دیکھتے تماشائیوں کی سی تھی۔تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ڈینئیل بیل نے گول کرکے آسٹریلیا کو ایک بار پھر برتری دلادی جبکہ کوارٹر کے اختتام سے پہلے میتھیو سوان نے گول کر کے برتری کو 3-1 کردیا۔چوتھے اور آخری کوارٹر میں آسٹریلین ٹیم کے تابڑ توڑ حملوں کا پاکستان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اور کینگروز نے مزید تین گول کرکے میچ ایک کے مقابلے میں چھ گول سے جیت لیا۔پاکستان ایونٹ میں اپنا اگلا میچ میں جمعہ کو روایتی حریف ہندوستان کے خلاف کھیلے گا۔