ٹرینیڈاڈ ،بیونس آئرس(نیوزڈیسک ) فیفا کرپشن اسکینڈل میں شرمناک انکشافات کا سلسلہ جاری ہے،گذشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق متنازع آفیشل جیک وارنر نے زلزلہ زدگان کو بھی نہیں بخشا، وہ ہیٹی میں متاثرہ افرادکیلئے7 لاکھ 50 ہزارڈالرز کی امداد بھی ہڑپ کرگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کرپشن الزامات میں گھرے سابق فیفا نائب صدرجیک وارنر کو زیر اثر بینک اکاونٹس سے ادائیگیوں کی مزید تفصیلات میں نئے الزامات کا سامنا ہے۔ امریکی تفتیش کاروں کے مطابق وارنر کو فیفا اورکورین فٹبال ایسوسی ایشن کے عطیہ کردہ 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز ایمرجنسی فنڈز کو استعمال کرنے کے الزام کا سامنا ہے، فنڈز 2010 ہیٹی زلزلے سے متاثرہ افرادکیلئے دیے گئے تھے۔
اسکینڈل میں ملوث امریکا کو مطلوب تین ارجنٹائنی باشندوں میں سے ایک نے اٹلی میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔امریکی تفتیش کاروں نے الزام لگایاکہ وارنر کی ہدایت پران کے ذاتی استعمال کیلئے رقم زیر اثر اکاونٹس میں منتقل کی گئی تھی، وارنر کو امریکی حکام کی درخواست پر گذشتہ ماہ ٹرینیڈاڈ میں حراست میں لیا گیا اور کرپشن و منی لانڈرنگ کے الزامات پر حوالگی کا سامنا ہے،2012 میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو فٹبال فیڈریشن)ٹی ٹی ایف ایف( نے دعوی کیا تھا کہ ہیٹی کیلئے عطیہ کردہ امداد وارنر کے زیر کنٹرول بینک اکاونٹ میں جمع کرائی گئی تھی۔
اس کا کہنا تھا کہ فیفا کے 2 لاکھ 50 ہزار ڈالرز اور جنوبی کورین ایف اے کے5 لاکھ ڈالرز ٹی ٹی ایف ایف اکاونٹ میں ادا کیے گئے جو فیڈریشن کے خصوصی مشیر وارنرکے استعمال میں تھا۔ وانر کا کہنا تھا کہ الزامات ایک سازش ہیں، مجھے کسی کو بھی کوئی جواب دینے کی ضرورت نہیں ، جو الزامات لگانا چاہتے ہیں لگائیں۔ فیفا نے ٹی ٹی ایف ایف کی فنڈنگ منجمد کردی ہے۔
وارنرمسلسل کسی بھی غلط کام سے انکار کررہے ہیں۔ دریں اثنا فیفا اسکینڈل میں ملوث امریکا کو مطلوب تین ارجنٹائنی باشندوں میں سے ایک الیجاندرو برزاکو نے اٹلی میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا، امریکی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ50 سالہ برزاکو نے70 سالہ ارجنٹائنی ہوگو جنکس اور 40 سالہ بیٹے ماریانو جنکس کی شراکت میں میڈیا حقوق کے منافع بخش معاہدے جیتنے کیلیے ریجنل فٹبال فیڈریشنزکو رشوت دی تھی۔
باپ اوربیٹے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے،بولزانو شہرکی پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے برزاکو کواپنے وکلا کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچنے پرحراست میں لیا۔برزاکو نے اپنی بولزانو میں موجودگی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس نے شہر کے باہر ایک مکان کرائے پر لینے کے بعد نظر بندی کی درخواست کا منصوبہ بنایا تھا، برزاکو ارجنٹائن کی کھیلوں کا سامان بنانے والی ایک فرم کا صدرہے۔
فیفا آفیشل نے ہیٹی زلزلہ زدگان کی امداد ہڑپ کرلی
10
جون 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں