ڈھاکہ (نیوزڈیسک)بنگلہ دیشی اتھارٹیز نے رواں ماہ بھارت کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کے دوران اسلامی مدارس بند رکھنے اور اشتعال انگیز بینرز آویزاں کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ بھارتی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کے دوران ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ڈھاکہ کے ایک مدرسے کے مولانا عبدالشکور نے کہا ہے کہ ہمیں بنگلہ دیش کی متعلقہ اتھارٹیز سے لیٹر موصول ہوا ہے کہ جس میں انہوں نے بھارت کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کے دوران مدرسہ بند رکھنے کی ہدایت کی ۔ ٹیسٹ 10 سے 14 جون تک کھیلا جائے گا۔ فتح اللہ سٹیڈیم نو برسوں بعد پہلی بار ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سیکیورٹی چیف حسین امام نے بتایا ہے کہ بھارتی ٹیم کے دورے کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت بنانے کیلئے مدارس کو بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ میچ کے دوران سٹینڈ میں بھارت مخالف بینرز آویزاں کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ۔