لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت کے لئے نامزد ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی بڑی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ،زمبابوے کے دورے کے بعد بھارت ، آسٹریلیا سمیت دیگر ٹیموں بھی پاکستان میں آکر کھیلیں ۔نجی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی کے نامزد صدر ظہیر عباس نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان میں میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تسلسل کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا ۔ انہوں نے زمبابوے کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت ، آسٹریلیا سمیت دیگر ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی دینے اور انٹرنیشنل سیریز کے احسن انتظامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، اب بڑی ٹیموں کو بھی ہمت کرنی ہو گی ۔ ایشین بریڈ مین ظہیر عباس یکم جولائی سے ایک سال کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی باقاعدہ صدارت سنبھالیں گے ۔