لاہور( نیوزڈیسک)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ سے ملاقات ملتوی کر دی۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ کو 28اپریل کو طلب کر رکھا تھاتاہم انہیں فی الحال پیش نہ ہونے کا پیغام دیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹر کی اینٹی کرپشن یونٹ سے ملاقات ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کردی گئی ہے۔آئی سی سی نے مزید کہا ہے کہ سلمان بٹ اوراینٹی کرپشن یونٹ کے درمیان ملاقات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ انہیں مقررہ تاریخ سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھااور آئی سی سی کی جانب سے پیشی کے لئے جلد نئی تاریخ دی جائے گی۔واضح رہے کہ سلمان بٹ کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے باعث ڈھائی سال لندن کی جیل میں گزارنا پڑا، آئی سی سی نے ان پر 10 سال کیلئے کسی بھی طرز کی کرکٹ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی تھی۔