اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کی وجہ ملک میں موجود ناقص ڈومیسٹک سسٹم کو قرار دے دیا،پاکستانی ٹیم نے پوری سیریز میں کھیل کے تینوں شعبوں میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش باآسانی وائٹ واش مکمل کرنے میں کامیاب رہا جس کے بعد شکست کے ساتھ پاکستانی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر آچکی ہے جو کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی بدترین رینکنگ ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ پاکستانی ٹیم کو اس طرح شکست ہوگی۔انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کے سسٹم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں صرف چھ ٹیمیں ہوتی ہیں اور ہمارے پاس 20 ہیں، ایسی صورت حال میں بہتر ٹیلنٹ کیسے سامنے آئے گا۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں سفارش کی بنیاد پر بھرتیاں ہوتی رہیں گی، پاکستان کرکٹ کا یہی حال رہے گا۔ کپتان اظہر علی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نئے کپتان سے فوری طور پر امید نہیں کی جاسکتی کہ وہ ٹیم کو فوراً اٹھادے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں