ویلنگٹن (نیوزڈیسک ) ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف انگلش نوجوان بیٹسمین جو ئے روٹ کا “بلا” اتنا چلا کہ کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔ میچ میں اور بھی کئی ریکارڈز بنے۔ ویلنگٹن میں ہونیوالے پول اے کے میچ میں کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنسز سے ریکارڈ اپنے نام کیے۔ 24 سالہ جو روٹ ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے سب سے نو عمر کھلاڑی بن گئے جو ان کی عالمی کپ میں پہلی سنچری بھی بنی ، انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن ورلڈ کپ میں دو سنچریاں بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں وہ سب سے زیادہ 4 سنچریاں بنانے والے انگلش پلئیر بھی بنے۔ ان سے پہلے ایلن لیمب 3 سنچریوں کے ساتھ سر فہرست تھے۔ یہی نہیں جو روٹ اور جیمز ٹیلر کے درمیان 5 ویں وکٹ پر 98 رنز کی ریکارڈ شراکت اب تک ورلڈ کپ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ 2014 سے اب تک جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ دوسری جانب سری لنکا کے تلکرتنے دلشان نے آج گیری بیلینس کی وکٹ لے کر اپنے کیرئر کی 100 وکٹیں پوری کر لیں۔ وہ ون ڈے میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے سری لنکا کے 15 ویں کھلاڑی ہیں ، سری لنکا کی جانب سے ون ڈے کیرئیر میں 9000 سے زائد رنز اور 100 سے زیادہ وکٹیں لینے والے تلکرتنے دلشان دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ پہلے نمبر پر سری لنکن آل راو¿نڈر جے سوریا 320 وکٹوں اور 13364 رنز کے ساتھ براجمان ہیں۔