سڈنی: وسیم اکرم نے امید ظاہر کی ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی پیسر محمد عرفان عمدہ پرفارمنس پیش کرپائے گا۔ آئی سی سی کے لے تحریر کردہ اپنے کالم میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ ڈیل اسٹین، مچل جونسن، ٹم ساؤتھی، جیمز اینڈرسن اور محمد عرفان کو اس ورلڈ کپ کے ٹاپ بولرز میں شمار کرتے ہیں، عرفان اپنی بلند قامت سے آسٹریلیا میں خطرناک ثابت ہوسکتا ہے لیکن اسے سیکھنا چاہیے کہ گیند کہاں پچ کی جاتی ہے۔ اسٹین کی طرح وہ اپنے جوش سے کسی بھی مضبوط بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں کوئی خوف نہیں بڑھانا چاہتا، لیکن موجودہ ورلڈ کپ بولرز کیلیے چیلنجنگ ہوگا، خصوصا برصغیر کے بولرز کو یہاں مشکل پیش آسکتی ہے، ایڈیلیڈ اور سڈنی کی وکٹیں اسپنرز کو مددگار ہوگی جبکہ یہاں پر بیٹنگ کیلیے بھی ماحول سازگار ہوگا، اسی طرح میلبورن کی وکٹ سیمرز کیلیے معاون ہوتی ہے۔