امیرالمومنین حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس کہیں سے بہت سے کپڑے آئے تو آپ نے لوگوں میں وہ کپڑے تقسیم کر دیئے۔ ہر آدمی کو کپڑا ملا، پھر آپ رضی اللہ عنہ منبر پر جلوہ افروز ہوئے۔ آپ رضی اللہ عنہ کے بدن پر کپڑوں کا جوڑا تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا لوگو! میری بات سنو۔ حضرت سلمان رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ہم نہ آپ کی بات سنتے ہیں اور نہ مانتے ہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے متعجب ہو کر کہا اے
ابوعبداللہ! جلدی نہ کرو، پھر آواز دی۔ اے عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ! ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ امیر المومنین! میں حاضر ہوں، فرمائیے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا ’’میں تجھے خدا کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ جو کپڑا میں نے پہنا ہوا ہے، کیا یہ تیرا کپڑا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جی ہاں، یہ میرا ہے۔ حضرت سلمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ہاں، اب ہم آپ کی بات سنیں گے اور اطاعت بھی کریں گے۔