نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کا عالمی ریکارڈ بنا دیا
لاہور ( این این آئی) نیوزی لینڈ کے بیٹر مارک چیپمین نے ٹی ٹونٹی انٹر نیشنلز کا عالمی ریکارڈ بنا دیا،5یا اس سے کم میچوں کی دو طرفہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
آخری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ نے مارک چیپمین کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کا 194رنز ہدف باآسانی4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین ناقابل شکست104 اور جمی نیشم 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔آخری ٹی ٹونٹی میں شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔چیپمین 5یا اس سے کم میچوں کی دو طرفہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔کیوی کرکٹر نے پاکستان کے خلاف پانچ میچز میں 290رنز بنائے۔اس سے قبل سربیا کے لیزلی ڈنبر نے بلغاریہ کے خلاف چار میچز میں 284 رنز بنائے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5میچز میں 255رنز اسکور کیے تھے۔واضح رہے کہ مارک چیپمین پاکستان کے خلاف پانچ میچز میں سے چار میں ناٹ آئوٹ رہے۔