سڈنی ( این این آئی) سری لنکا کے کرکٹر دانشکا گوناتھیلاکا کو مزید سوشل میڈیا فورم استعمال کرنے کی اجازت مل گئی۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق دانشکا گونا تھیلاکا کے کیس کی جمعرات کو ہونے والی سماعت میں انہیں واٹس ایپ کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام استعمال کرنے کی اجازت مل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر دانشکا گونا تھیلاکا پر آسٹریلیا میں جنسی زیادتی کا الزام ہے، ان پر الزام گزشتہ سال کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران لگایا گیا تھا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق دانشکا گونا تھیلاکا کا کیس سڈنی کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور وہ ضمانت پر ہیں۔دانشکا گونا تھیلاکا پر ریپ کے چار مختلف نوعیت کے الزامات ہیں، کیس کی اگلی سماعت اب 27 اپریل کو ہو گی۔سری لنکن کرکٹر کی ضمانت ڈیڑھ لاکھ آسٹریلوی ڈالرز میں ہوئی جو کرکٹر کے دوست کے دوست نے دیے، ضمانت کے لیے 50 ہزار ڈالرز مزید کرکٹر نے خود دیئے ۔دانشکا گونا تھیلاکا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ایک میچ کھیلنے کے بعد انجری کا شکار ہو گئے تھے، ان کو گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا ٹیم کی وطن روانگی سے کچھ دیر قبل گرفتار کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں باہر ہو گئی تھی۔