کراچی(این این آئی) پاکستان میں سوزوکی کمپنی نے تمام قسم کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 88 ہزار سے 2لاکھ 35 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا، جس کا اطلاق بھی کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنیوالی کمپنی پاک سوزوکی نے تمام قسم کی گاڑیوں کی قیمتوں میں پھراضافہ کردیا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق بھی ہوگیاہے اور اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیاہے کہ سوزوکی کمپنی نے اس بار بھی 88ہزارسے 2لاکھ 35ہزار روپے تک گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔کمپنی کے مطابق سب سے چھوٹی کار سوزوکی 660 سی سی کی قیمت میں ایک لاکھ سات ہزار روپے اضافہ کیا، جس سے قیمت بڑھ کر ساڑھے بائیس لاکھ روپے ہوگئی ہے۔اس طرح آلٹو وی ایکس آر کی نئی قیمت ایک لاکھ 25 ہزار روپے کے اضافے کے بعد 26 لاکھ 12 ہزار ، آلٹو وی ایکس ایل اے جی ایس کی قیمت میں ایک لاکھ 34 ہزار کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کار کی قیمت 26 لاکھ 65 ہزار سے بڑھ کر 27 لاکھ 99 ہزار ہوگئی ہے۔سوزوکی کے برینڈ ویگن آر وی ایکس آر کی نئی قیمت ایک لاکھ 52 ہزار کے اضافے کے بعد 32 لاکھ 14 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔کمپنی ذرائع کے مطابق پلانٹ درآمدات پر پابندی کی باعث ہرماہ بیس دن بند رہتا ہے، جس کے وجہ سے فروخت بھی کم ہوگئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ درآمدات پر پابندی، ڈیمرج چارججزاور روپے کی قدرمیں کمی کی وجہ سے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، ان حالات میں پاک سوزوکی کیلئے گاڑیوں کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔