واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے امریکی کنسلٹنٹ فرم سے معاہدے کا انکشاف ہوا ہے جو پی ٹی آئی اور امریکی حکومت کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے ماہرانہ خدمات انجام دیگی۔روزنامہ جنگ میں واجد علی سید کی شائع خبر کے مطابق ایک
ایسے موقع پر جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنی حکومت کو غیر ملکی مداخلت کے ذریعے ہٹائے جانے پر اصرار جاری ہے، پی ٹی آئی نے امریکا اور یہاں رہنے والے تارکین وطن کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کے لیے ایک اور لابنگ فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی دستاویزات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے نے واشنگٹن میں قائم لابنگ فرم پرایا کنسلٹنٹس ایل ایل سی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔غیر ملکی ایجنٹوں کے رجسٹریشن ایکٹ کے تحت امریکی محکمہ انصاف کے پاس جمع کرائے گئے دستاویزات کے مطابق، معاہدے پر 21 فروری کو چھ ماہ کی مدت کیلئے دستخط کیے گئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے، جو نیویارک میں مقیم ہے، لابنگ فرم کا اصل مؤکل ہے۔ اس فرم کو چھ ماہ 8 ہزار 300 ڈالر ماہانہ دینے کا پابند ہے۔اس معاہدے کی مدت کے دوران، فرم امریکا کی حکومت اور اداروں کے ساتھ کلائنٹ کے تعلقات کے بارے میں ماہرانہ مشورہ فراہم کریگی۔ مزید برآں، فرم کئی اہم امریکی فیصلہ سازوں کے ساتھ میٹنگز کا اہتمام کریگی اور میٹنگوں کے مواد کے لحاظ سے رہنمائی فراہم کریگی۔جبکہ فرم کے ساتھ معاہدہ 15 فروری سے 6 ماہ تک رہیگا اور باوقت ضرورت معاہدہ 31 جنوری 2024 تک توسیع بھی کیا جا سکتا ہے۔