لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کو قومی اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے،پی ایس ایل کی وجہ سے بزنس بڑھتا ہے، ایسے ایونٹس پر زیادہ سے زیادہ خرچ کرنا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کامیاب بنانے کیلئے تعاون کرنے
پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے بھی کہا کہ پی ایس ایل کو ڈسٹرب نہیں کرنا، پی ایس ایل کو قومی اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے۔چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں اور غیر ملکی ٹیکنیشنز کا مشکور ہوں، سات ممالک کے لگ بھگ دو سو افراد یہاں موجود تھے، امریکا سے آئے براڈ کاسٹنگ سے منسلک ایک شخص نے پی ایس ایل کو کامیاب قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں فینز 80 فیصد تک آئے انہوں نے اسے ایک گلوبل برانڈ بنا دیا، ملتان میں بہت سپورٹ ملی وہاں لاجسٹک کی مشکلات پیش آئیں، افتتاحی تقریب ملتان میں کرنا بہت مشکل تھا، 7 ایڈیشنز میں یہ تقریب سب سے بہترین تھی۔نجم سیٹھی نے کہا کہ جب میں 22 دسمبر کو آیا تو افتتاحی تقریب سے متعلق کچھ نہیں کیا گیا تھا، برانڈنگ کیلئے ایک لاکھ روپے رکھا گیا تھا جو میرے لیے حیران کن تھا، ہم نے ایک ماہ کے اندر تمام کام مکمل کیے، میں خود اس حوالے سے دبئی گیا۔انہوں نے کہا کہ فرنچائزز نے بھی 50 فیصد حصہ ڈالا ہم نے اس کا بجٹ 10 گنا بڑھایا، ٹکٹ کی ریکارڈ سیل ہوئی، ڈیجیٹل پر ریٹنگ 10 پر گئی، ہم ڈیجیٹل سے متعلق آئی پی ایل سے آگے رہے۔ پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑی لیگ بن چکی ہے، نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم 50 کروڑ کے سیلز ٹیکس دیتے ہیں، صوبائی ٹیکس بھی اتنے ہوتے ہیں، پی ایس ایل کی وجہ سے بزنس بڑھتا ہے، ایسے ایونٹس پر زیادہ سے زیادہ خرچ کرنا چاہیے۔چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ چار وینیوز پر میچز کرانا آسان نہیں تھا۔