لاہور(آئی این پی ) زمان پارک سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس آپریشن کے دوران دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔زمان پارک لاہور میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران کارکنان کے ہاتھوں
گاڑیاں اور ٹریفک سیکٹر میں سامان جلانے کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق زمان پارک میں جلا گھیرا وکے دوران 3 واٹر کینن، تھانوں کی 8 گاڑیاں،2 پی آر یو کی گاڑیاں اور 8 موٹرسائیکلوں سمیت دیگر سرکار ی املاک کو نقصان پہنچا، نقصان کی ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس کی ایک بس کو جزوی نقصان ہوا اور واٹر ٹینکر کو مکمل طور پر جلا دیا گیا، تین واٹر کینن کا ساڑھے 58 لاکھ کا نقصان ہوا، 42 لاکھ 50 ہزار مالیت کے واٹر ٹینکر کو مکمل جلا دیا گیا، تمام گاڑیوں کا ایک کروڑ 10 لاکھ 90 ہزار کا نقصان ہوا۔ ٹریفک سیکٹر شادمان میں 8 موٹر سائیکلیں خاکستر کر دی گئیں، موٹرسائیکلوں کی مجموعی مالیت 23 لاکھ روپے تھی، وائر لیس سیٹس اور کمیونی کیشن سسٹم کو 35 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا، کیمرے، کمپیوٹر سسٹم، چھتریاں اور کونز کی مد میں 11 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پٹرول بم کی وجہ سے لگنے والی آگ سے روزنامچے کا 3 سال کا ریکارڈ جل گیا، ٹکٹنگ کا رجسٹر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں سے لیے گئے شناختی کارڈز بھی جل گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ رجسٹریشن بکس اور لائسنس بھی جل گئے، جولائی 2020 سے دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل گئیں۔ اس حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا۔