اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کے آئی جی اکبر ناصر نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عمران خان کے قافلے کو روکنا نہیں بلکہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیکیورٹی کے بھی اچھے انتظامات ہوں اور لوگوں کو مشکلات بھی نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پیشی پر غیرمعمولی اقدامات کا مقصد شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، صرف محدود مقام پر ہی راستوں کو بند کیا گیا ہے۔آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے کہا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، گزشتہ سماعت میں ہائی کورٹ پر عمران خان کو بڑی اچھی سیکیورٹی دی گئی، اس دفعہ بہترین سیکیورٹی کی کوشش کی ہے۔اکبر ناصر نے کہا کہ پولیس کو کہا ہے کہ میڈیا کی سیکیورٹی کا خاص خیال رکھیں۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں آج سے دو ماہ قبل دہشت گردی کا واقعہ ہوا تھا، ایسے حالات میں دہشت گردی کے حملے کا خطرہ ہوتا ہے، کسی بھی ناخوشگوار حادثے کو روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔