اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے قرض معاہدہ بحالی کیلئے ایک اور شرط عائد کردی۔ذرائع کے مطابق تمام پیشگی شرائط پرعمل درآمد کے بعد پاکستانی حکام کو ایک اور شرط کا سامنا ہے اور آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ
30 جون تک فنانسنگ کرنے والے ملکوں کی تحریری یقین دہانی فراہم کی جائے۔دوسری جانب دوست ممالک کی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں،بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو گرین سگنل دے دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حکام وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کو گرین سگنل دے دیا ہے۔اسی یا اگلے ہفتے اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا، امید ہے سب معاملات حتمی شکل اختیار کر جائیں گے۔ذرائع کے مطابق جمعہ تک معاہدے کے حوالے سے حتمی جواب مل جائے گا، دوست ممالک کی کوششوں سے رکاوٹیں دور ہوئی ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان تمام پیشگی شرائط کے مشکل ترین فیصلے کرچکا ہے۔