اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے صوبائی نائب صدر انجینئر قمرالاسلام نے چودھری نثار علی خان کی طرف سے میاں نواز شریف پر تنقید کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1988کے بے نظیر بھٹو بارے خیالات کا ذکر کرتے وقت وہ یہ کیوں بھول گئے کہ انہیں میاں نواز شریف نے بیس سال قبل محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ
میثاق جمہوریت پر بھی دستخط کئے تھے۔ لاہور روانگی سے قبل چکری کے مقام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چودھری نثار علی صاحب نے ایک تقریر میں مریم نواز صاحبہ کے سیاسی کردار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے فرمایا کہ عورت تو محرم کے بغیر عمرہ تک نہیں کر سکتی مگر یہ نہیں بتایا کہ کیا عورت ظلم اور نا انصافی کے خلاف کھڑی ہو کر آواز بھی بلند نہیں کر سکتی،بہتر ہوتا کہ ایک فتوی اس بات پر بھی دے دیتے کہ کیا عورت کسی ظالم اور جابر کو للکار سکتی ہے یا نہیں،چودھری صاحب نے اس بات پر بھی روشنی نہیں ڈالی کہ چوری کھانے والے مجنوں جب کنارا کر لیں تو کیا نا انصافی کے شکار باپ کی بیٹی کو بھی ہتھیار ڈال دینے چاہییں ، بہتر ہوتا کہ وہ اپنی تقریر میں یہ بھی بتا دیتے کہ میاں صاحب جب سازشیوں کے گھیرے میں آئے تو پینتیس سال بھرپور اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد وہ کس کے ساتھ کھڑے تھے۔ انجینئر قمرالاسلام نے چودھری نثار علی خان سے درخواست کی کہ دروغ گوئی سے پرہیز کرتے ہوئے ہماری جماعت کے تاحیات قائد یا ہماری چیف آرگنائزر کے خلاف بیانات سے پرہیز کریں ورنہ ہم بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔