انگین آلتان کی زلزلہ زدگان ترک بچوں کیلئے مدد کی اپیل
انقرہ (این این آئی)عالمی شہرت یافتہ تاریخی ترک سیریز ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انگین آلتان دوزیتان نے ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے متاثرہ ترک بچوں کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔انگین آلتان دوزیتان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔انہوں نے اپنا یہ ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ موجودہ صورتحال میں سب زخموں کو کیسے بھراجائے، ایک چیز ہمارے بچوں کے زخموں کو بھر سکتی ہے۔انہوں نے لکھا کہ زلزلے کی تباہی سے متاثرہ ہمارے بچوں کو 100فیصد سکالرشپ پر تعلیم دی جارہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اس وقت ہمارے 2,172سکولوں میں 23ہزار طلبا زیرِ تعلیم ہیں، لیکن اب موجودہ حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے بچوں کی تعداد کو بڑھا کر 50ہزار تک لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے، آپ کی مدد سے ہم زلزلے سے متاثرہ بچوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔انگین آلتان نے اپنی پوسٹ میں ترک بچوں کی امداد کے خواہشمند افراد کے لیے متعلقہ ادارے سے رابطہ کرنے کا طریقہ بھی بتایا ہے۔