راولپنڈی ( آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے دفتر کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس وقاص رؤف نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ہمشیرہ عابدہ شمیم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل سردار عبد الرازق عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پراپرٹی 156 ڈی بھی لال حویلی کا حصہ ہے، اس جگہ شیخ رشید کا سیاسی دفتر قائم ہے، محکمہ متروکہ وقف املاک نے 30 جنوری کو لال حویلی اور ملحقہ پراپرٹیز کو غیر قانونی طور پر سیل کیا تھا۔وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ محکمہ نے بد نیتی سے پراپرٹی کو ڈی سیل نہیں کیا تھا، عدالت سے رجوع کرنے پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے پراپرٹی ڈی سیل کر دی تھی، لیکن شیخ رشید کا دفتر تاحال سیل ہے۔عدالت نے متروکہ وقف املاک کو شیخ رشید کا دفتر ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔