اسلام آباد (این این آئی) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈی نوٹیفائی ہونے والے اراکین سے پارلیمنٹ لاجز کی رہائشیں خالی کر وانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا اس ضمن میں سابق وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کے لاج کا تالا توڑ کر سامان کمرے سے باہر نکال دیا،پی ٹی آئی کے
ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کو رہائشیں خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔ جمعہ کو کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے سابق اراکین سے پارلیمنٹ لاجز خالی کروانے کے معاملے پر سابق رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کے لاج کا تالا توڑ کر سامان کیمرے سے باہر نکال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں سابق اراکین کے لاجز کے تالے توڑے گئے، تھانہ سیکرٹریٹ اور اسلام آباد لیڈیز پولیس بھی لاجز آپریشن میں شریک تھیں۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا لاج نمبر 303 سی تھا۔قبل ازیں سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے سی ڈی اے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کا خط لکھا گیا خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لئیے معاونت کی جائے۔خط کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کو رہائشیں خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا،خط میں کہاگیا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔یاد رہے کہ اسد قیصر، آفتاب جہانگیر سمیت متعدد اراکین نے فل وقت تک پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کیے۔