اوکاڑہ(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کا الیکشن میں کوئی بھی سیٹ اوپن نہ چھوڑنے کا فیصلہ ۔روزنامہ جنگ میں وارث حیدری کی خبر کے مطابق ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین حالیہ ملاقاتوں میں یہ بات واضح کر رہے ہیں کہ الیکشن 2018 کی ٹکٹوں کی تقسیم سےوہ مطمئن نہیں تھے ۔
متعدد حلقوں میں ٹکٹ سفارش پر دئیے ، بعض حلقے اوپن چھوڑ ے گئے ، ضلع اوکاڑہ میں سابق وزیر اعلی منظور احمد وٹو جس قومی اسمبلی حلقہ سے امیدوار تھے اسے پی ٹی آئی نےاوپن چھوڑا،جبکہ اس سیٹ کے نیچے صوبائی اسمبلی کی دونوں سیٹوں پر منظور وٹو کے بیٹے اور بیٹی کو ٹکٹ دیا گیا، یہ پالیسی ناکام رہی ،منظور وٹو اور ان کا بیٹا اور بیٹی ہار گئے، حلقہ پی پی 184 میں رضا علی گیلانی نے آزاد الیکشن لڑا ،پی ٹی آئی نے ان کے مقابلے میں کسی کو ٹکٹ نہ دیا یہاں بھی حکمت عملی ناکام رہی اور جگنو محسن بھاری لیڈ سے ایم پی اے بن گئیں، عمران خان نے اب کوئی حلقہ بھی اوپن نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، دو روز قبل ان سے ملاقات کرنیوالے پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب کے نائب صدر اور دیپالپور سے امیدوارقومی اسمبلی سید عباس رضا رضوی نے بات چیت میں تصدیق کی کہ پارٹی چیئرمین نے واضح کہا ہےکہ اگلے الیکشن میں قومی یا صوبائی اسمبلی کا کوئی حلقہ اوپن نہیں چھوڑا جائے گا ،سابقہ الیکشن میں ٹکٹوں کی تقسیم سے عمران خان مطمئن نہیں ہیں۔