لاہور (مانیٹرنگ، این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ خود کو محفوظ نہیں سمجھتا، مزید احتیاط کروں گا، انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں بلٹ پروف اسکرین استعمال کروں گا، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ
ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طور متحمل نہیں، نہایت حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے، نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا سنجیدگی سے پورا کرکے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا بلاتاخیر حق دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز زمان پارک میں نگران وزیراعلی کی نامزدگی کے حوالے سے تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر چودھری فواد حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب میں نگران وزیراعلی کی نامزدگی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔احمد نواز سکھیرا، سابق چیف سیکرٹری پنجاب نوید چیمہ اور نصیر خان کے ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے حتمی مشاورت کے بعد دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طور متحمل نہیں، نہایت حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت ہی اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے، تحریک انصاف بہترین شہرت و صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت نری حماقت ہوگی، نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا سنجیدگی سے پورا کرکے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا بلاتاخیر حق دیا جائے۔