اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت جنیوا میں منعقد پاکستان کانفرنس کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
جس میں اسحاق ڈار، ایاز صادق، احسن اقبال، شیری رحمان، مریم اورنگزیب، حناربانی اور دیگرشریک ہوئے۔ اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب زدگان کی بحالی اورتبدہ شدہ انفرااسٹرکچرکی تعمیر ایک بڑا چیلنج ہے، وعدے کے مطابق آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔