اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)روزنامہ جنگ میں انصار عباسی کی خبر کے مطابق ایک حالیہ ٹی وی ٹاک شو میں ن لیگی رہنما ملک احمد خان نے دعویٰ کیا ہےکہ جنرل (ر) باجوہ نے عمران خان کو این آر او دیا تھا۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ مبینہ این آر او کی نوعیت کیا تھی۔
تو احمد خان نے کہا کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ سامنے آئیں اور حلفیہ بیان دیں کہ جس وقت یہ کیس جسٹس (ر) ثاقب نثار کی عدالت میں زیر سماعت تھا اُس وقت بنی گالا رہائش گاہ کیس میں انہیں این آر او نہیں دیا گیا تھا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ ان کے پاس تمام شواہد موجود ہیں کہ کب اور کس طرح یہ کام کیا گیا، کون کون سے کردار ملوث تھے، کس نے کسے پیغامات بھیجے۔ جب اینکر نے اُن سے پوچھا کہ کیا وہ [ملک احمد خان] یہ کہہ رہے ہیں کہ اُس وقت کے آرمی چیف نے اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان پر عمران خان کے بنی گالا گھر کیس کا فیصلہ کریں۔ اس پر انہوں نے کہا، ’’میں اپنے الفاظ پر قائم ہوں، میرے پاس ثبوت ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں بے موت مارا جانے والا شخص (کولیٹرل وکٹم) جہانگیر ترین تھا۔ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ ملک احمد خان اُن لیگی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جو ریٹائرڈ آرمی چیف کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ انہیں اکثر اوقات سابق آرمی چیف سے ملاقات کرتے دیکھا گیا ہے۔