عمران خان نے ارکانِ قومی اسمبلی کو بدھ کو طلب کر لیا۔عمران خان خیبر پختون خوا ہاؤس میں ارکانِ قومی اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے
لاہور (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کو 28 دسمبر کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان خیبر پختون خوا ہاؤس میں ارکانِ قومی اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق کے پی کے ہاؤس میں جمع ہونے کے بعد تمام ممبران پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ تحریکِ انصاف کے ارکان استعفوں کے لیے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں گے، اس موقع پر غیر حاضر ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری پیشگوئی ہے کہ انتخابات مارچ یا اپریل میں ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔