لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان معاشی و سیاسی حوالے سے بظاہر ایک طویل بحران میں داخل ہو گیا ہے۔
روزنامہ جنگ میں پرویز بشیر کی خبر کے مطابق سیاسی مبصرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات ہوبھی جائیں تو معاشی و سیاسی بحران ٹلنے والا نہیں، مخدوش حالات برقرار رہے تو صورتحال بے قابو ہونے کا خطرہ ہے، ادارے باریک بینی سے نظر رکھنے پر مجبور ہوگئے۔بحران اور خرابی کی وجوہات کے بارے میں مختلف آرا موجود ہیں ایک رائے یہ ہے کہ یہ بحران سیاسی عدم استحکام سے آیا جبکہ ایک دوسری رائے یہ ہے کہ معاشی بحران اس کا بڑا سبب ہے۔پنجاب کے حالیہ سیاسی تنازعہ سےمہنگائی اور لاقانونیت میں بھی اضافے کا خدشہ ہے علاوہ ازیں سیاسی عدم استحکام سے دہشت گردی میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور خاص طور پر بھارت اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔سیاسی مبصرین اور تجزیہ نگاروں کے مطابق صورتحال پر اگر فوری قابو نہ پایا گیا اور مخدوش حالات اسی طرح پنپتے اور بڑھتے رہے تو صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے اور دشمن قوتیں صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔