لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کا بینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں گندم کی ریلیز پالیسی اور کوٹے کے اجراء کا ازسرنو غورکیاگیاجبکہ گندم کے موجود ذخائر اورضروریات کا جائزہ لیا گیا ۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ایک ماہ کے دوران موثر حکمت عملی سے گندم کی مد میں 55ارب روپے بچائے ہیںجبکہ مالیاتی نظم وضبط کے نفاذ سے مزید 2ارب روپے کی بچت بھی کی گئی۔انہوںنے کہا کہ لاہور، راولپنڈی سمیت بڑے شہروں میں گندم کا کوٹہ بڑھانے کافیصلہ کیاہے۔پنجاب کو زرعی صوبہ ہونے کے ناطے گندم کی پیداوار میں خود کفیل ہونے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کوگندم کی زیادہ پیداوار دینے والے بیج کے استعمال کی آگاہی دی جائے۔ عوام کو آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔ سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ نے گندم کے ذخائرکی موجودہ پوزیشن اور ضروریات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت، محمد محسن لغاری، سردار حسنین بہادر دریشک، سید حسین جہانیاں گردیزی،چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سیکرٹریز خوراک، زراعت، خزانہ، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، ڈائریکٹر فوڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔