اسلام آباد ( آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے حکومت سے مذاکرات پر عمران خان کی پیشکش پرتحفظات کا اظہار کر دیا ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کو ہدایت کی کہ اس معاملے پر پی ڈی ایم کاسربراہی اجلاس بلائیں کیونکہ عمران خان ماضی میں بھی یوٹرن لیتا رہا ہے اور اب بھی وہ سنجیدہ نہیں دکھائی دیتاجو بھی فیصلہ کیا جائے ،
حکومت اکیلئے کے بجائے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی مشاورت سے فیصلہ کرے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں عمران خان کی مذاکرات کی پیش کش اور اس کے محرکات کا جائزہ لیا گیا ۔دوران اجلاس پارٹی قائد نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان بھی رابطہ ہوا ہے ،نواز شریف نے عمران خان کے اعلان کے حوالے سے تحفظات کا بھی اظہار کیا اور ہدایت کی ہے کہ تمام فیصلے پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے کئے جائیں ،نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ماضی میں بھی یوٹرن لئے ہیں اس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا ،اجلاس میں عمران خان کی مذاکرات کا معاملہ اتحادیوں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد واپسی پر پی ڈی ایم قائدین اور آصف زرداری سے مشاورت کرینگے،اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ مسلم لیگ غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار مگر بات چیت پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہوگی،تحریک انصاف کو مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ واپس آنے کی دعوت دی جائے گی،بات چیت بغیر پیشگی شرائط کے ہوگی،انتخابی اصلاحات سمیت تمام ایشوز پر بات چیت اتحادیوں کو اعتماد میں لیکر ہوگی ۔