لاہور( این این آئی)گلوکاری اور اداکاری کو خیر باد کہنے والی رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد میرے اور میری فیملی کے ساتھ جو لوگوں نے کیا وہ بیان نہیں کر سکتی۔ایک انٹر ویو میںرابی پیرزادہ نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ فیملی میں سب جانتے ہیں
لیکن فیملی سے باہر میرے ساتھ جو لوگوں نے کیا میں بیان نہیں کر سکتی، اس وقت میرا دل کرتا تھا میں سب کو گولی ماردوں، میں نے خانہ کعبہ جاکر ان لوگوں کو بہت بددعائیں دیں۔رابی پیرزادہ نے کہا کہ میں نے بچپن سے کبھی کسی کی بات نہیں مانی، میں ایک باغی شخصیت کی مالک تھی، ویڈیو لیک ہونے کے بعد جو کچھ میرے ساتھ ہوا میں اس پر مزید بات نہیں کرنا چاہتی۔رابی پیر زادہ نے اپنی ویڈیو لیک کو سکینڈل کی بجائے ایک سانحہ قرار دیا۔ رابی پیرزادہ نے بتایا کہ میری ایک دوست کے بھائی نے بھی میری ویڈیوز آگے اپنے دوستوں میں فارورڈ کی لیکن وہ پھر ایک موٹر سائیکل حادثے میں مارا گیا اس کے بعد بھی لوگ ان ویڈیوز کو آگے بڑھاتے رہے یہاں تو لوگوں نے تو عامر لیاقت کو مار دیا، میں تو ایک لڑکی تھی ،میں نے اس وقت اللہ سے کہا تھا تو تو مجھے جانتا ہے۔مجھے ہنسی آ رہی تھی کیونکہ لوگ کہہ رہے تھے میرے بوائے فرینڈ نے میری ویڈیوز لیک کیں لیکن وہ آج تک سامنے نہ آسکا ۔رابی پیرزادہ نے کہا کہ میرے بعد کئی سیاستدانوں اور شوبز شخصیات کی ویڈیوز لیک ہوئیں لیکن وہ انٹرنیٹ سے غائب کردی گئیں مجھے زیادہ تنقید اس لیے برداشت کرنی پڑی کیونکہ میں اللہ کی طرف پلٹ گئی تھی۔رابی پیرزادہ نے کہا میں نے اپنی زندگی 15 سال شوبز میں ضائع کیے ،دل کرتا ہے کہ میں واپس جائوں اور اللہ سے معافی مانگوں اور وہ اللہ کی عبادت میں گزاروں۔