اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان غیر آئینی ہے، اس طرح کے ادارے آئین اور جمہوری نظام کی توہین ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں تاہم اگر
عمران خان اپنے اس اقدام میں کامیاب ہوتے ہیں تو ہم آئین کی منشا کے مطابق عمل کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کی صورت میں اگر الیکشن کا انعقاد 90 روز میں ممکن ہو ا تو انتخابات کرائے جائیں لیکن اگر کسی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہوئے تو پھر عام انتخابات کے ساتھ بھی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ الیکشن جب بھی ہوں، ہم ان میں جانے کے لیے تیار ہیں، ہمیں الیکشن لڑنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ، کوئی یہ مت سمجھے کہ ہم الیکشن سے پیچھے ہٹنا چاہتے ہیں یا الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کا ہے ، پی ٹی آئی کا بھی یہ ہی مؤقف تھا کہ ایک دن پہلے بھی الیکشن نہیں ہوگا۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی اسمبلیوں کی تحلیل سے پہلے اپنے دیے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں، کم از کم وہ تنخواہیں لینا بند کریں، پارلیمنٹ لاجز خالی کریں، گاڑیاں واپس کریں، ان کے سابق وزرا سرکاری رہائش گاہیں خالی کریں۔