اوٹاوا (آئی این پی)کینیڈا میں ٹرانسپورٹ ٹرک ڈرائیوروں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے وہاں جانے کے خواہشمند غیرملکیوں کو نوکری کی پیشکش کے ساتھ دیگر مراعات بھی مہیا کی جائیں گی،تفصیلات کے مطابق شمالی امریکہ کے بڑے ملک کینیڈا کو وبائی امراض اور عمر رسیدہ افرادی قوت کی وجہ سے ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔
رواں ہفتے کینیڈا کی وزارت داخلہ نے امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ سے متعلق این او سی جاری کیا ہے جس میں ایکسپریس انٹری کے لیے اہل اور درکار پیشوں کی فہرست میں 16نئے پیشوں کا اضافہ کیا ہے،غیر ملکیمیڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ فہرست میں مزدوروں کی کٹیگری میں نمایاں کمی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ ٹرک ڈرائیوروں کو خصوصی طور پر اولین ترجیح میں رکھا گیا ہے،ٹرک ڈرائیونگ کینیڈا کی سپلائی چین کا ایک اہم جزو ہے لیکن افرادی قوت میں کمی کے باعث ملکی معیشت پر اس کا بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔ کینیڈا کی لیبر مارکیٹ کے ادارے کے مطابق گزشتہ سال ٹرک ڈرائیونگ کے شعبے میں 18ہزار خالی آسامیاں تھیں،کینیڈا میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کی بڑی وجہ کورونا وبا کے ایام میں ملازمین کی برطرفی اور بڑی تعداد میں ان کی ریٹائرمنٹ ہے،عالمی وبا کے آغاز پر فاریسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن آف کینیڈا کا کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے صنعت کو تقریبا 450 ملین ڈالر کی پیداواری صلاحیت کا نقصان ہو رہا ہے،ایکسپریس انٹری پروگرام غیرملکی ہنرمند کارکنوں کے لیے امیگریشن کا سب سے نمایاں راستہ ہے۔ یہ ایک ایپلیکیشن مینجمنٹ سسٹم ہے جو تین اقتصادی امیگریشن پروگراموں کے ساتھ کام کرتا ہے تاکہ درخواستوں کی کارروائی کو تیز کیا جاسکے،اس مرحلے کیلئے درخواست گزار کو اپنے تمام تر کوائف کے ساتھ اپلائی کرنا ہوگا، امیدوار کو خود اندازہ ہونا چاہیے کہ آیا وہ ایکسپریس انٹری پروگرام کے لیے اہل ہے یا نہیں۔