لاہور ( این این آئی) توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیاں فروخت کرنے پر چیئر مین نیب سے نوٹس لینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیاں فروخت کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں ، دوست ممالک کی جانب سے ملنے والے تحائف قوم کی امانت ہوتے ہیں فروخت کرنے کیلئے نہیں، سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ کی تین قیمتی گھڑیاں عام مارکیٹ میں فروخت کردی ہیں، عمران خان نے یہ تینوں گھڑیاں زلفی بخاری،فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی مدد سے فروخت کیں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیاں فروخت کرنے کا فوری نوٹس لیں اور گھڑیاں فروخت کرنے والے تمام کرداروں کیخلاف شفاف انکوائری کی جائے۔