لاہور(آئی این پی)سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے بعد لانگ مارچ کی بھرپور سکیورٹی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں معطل لاہور پولیس چیف غلام محمود ڈوگر کی یونیفارم پہن کر شرکت کی۔ معطلی کیخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ ناقابل سماعت قرار دے چکی ہے تاہم آئی جی پنجاب کو اجلاس میں بلایا ہی نہیں گیا۔اجلاس میں لانگ مارچ کی بھرپور سکیورٹی کا فیصلہ کیا گیا۔ لانگ مارچ کے روٹ پر 15 ہزار پولیس اہلکار ہونگے، چھتوں پر اسنائپرز ہونگے اور نیا کنٹینر بلٹ پروف ہوگا، روسٹرم بھی بلٹ پروف ہوگا۔ سکیورٹی کیلئے ڈرونز فضا میں اڑیں گے۔ دوسری جانب عمران خان نے پنجاب پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لاہور میں زمان پارک کے گھر پر گلگت بلتستان پولیس کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔