گوجرانوالہ ،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)گوجرانوالہ میں عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ، چیئرمین پی ٹی آئی زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی ہے۔پولیس کا کہناہےکہ فائرنگ کے
وقت عمران خان کا کنٹینر بھی اللہ والا چوک میں موجود تھا۔اللہ والا چوک پر فائرنگ کےبعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کی سیدھی ٹانگ میں گولی لگی ہےذرائع کا کہنا ہےکہ حملہ آور عمران خان کے کنٹینر کے نیچے موجود تھا جس نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سے تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کی تیاریاں تیز،ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے بڑے اسپتالوں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ۔ ترجمان کے مطابق پمز،پولی کلینک،سی ڈی اے ہسپتال کو ہائی الرٹ کر دیا گیا،نجی ہسپتال قائد اعظم انٹرنیشنل اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر کو بھی الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا گیا ،تمام ہسپتال انتظامیہ کو فوکل پرسن بھی فوری مقرر کرنے کی بھی حکم دیا گیا ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب ہسپتالوں کے ہائی الرٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے نوٹیفکیشن کی کاپی ٹرپل ون برگیڈ سمیت متعلقہ افسران کو ارسال کر دیا۔