اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا علی امین گنڈا پور اسلام آباد ہوتا تو گرفتار کرلیتے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ہوتا تو گرفتار کر لیتے، کسی بھی آپریشن کی کامیابی کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ اسے آن ایئر نہ کیا جائے،
لانگ مارچ کے خلاف رد عمل دیں گے، عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے اختیارات آئین میں درج ہیں، عمران خان نے کچھ لوگوں کو تو گمراہ کیا ہوا ہے، تیرا رکنی کمیٹی صرف تمام صورتحال پر غور کرنے کیلئے بنائی گئی ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی خاموش ہیں، انہیں خبر لینی چاہیے، مذاکراتی کمیٹی کا مقصد ہر ڈویلپمنٹ پر نظر رکھنا ہے، عمران خان کو ہماری طرف سے مذاکرات کی کوئی پیش کش نہیں کی گئی، یہ بندوقیں اکھٹی کر رہے ہیں فتنہ فساد کر رہے ہیں، پی ٹی آئی بندوقیں اکٹھی کر رہی اور حکومت ان سے مذاکرات کرنے جائے؟انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، اسلام آباد آکر جلسہ کرنا ان کا مقصد نہیں، سپریم کورٹ کی متعین جگہوں پر دھرنا دینا بھی اس کا مقصد نہیں، ان کا مقصد لاشیں گرانا، الجھا پیدا کرنا اور تشدد ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ گجرات میں بھی مخصوص حالات اور سیاست کی وجہ سے بندوقیں جمع ہو رہی ہیں، پنجاب حکومت اور پولیس ایسے لوگوں کے خلاف فوری کریک ڈان کرے، چیف سیکریٹری اور آئی جی نے ان لوگوں کو گرفتار نہ کیا تو آپ ذمہ دار ہوں گے۔