پیر‬‮ ، 23 دسمبر‬‮ 2024 

حکومتی درخواست مسترد ، سپریم کورٹ کا لانگ مارچ کیخلاف کسی بھی کارروائی سے انکار

datetime 20  اکتوبر‬‮  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے توہین عدالت کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف عبوری حکم جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی بھی طرف سے قانون کی خلاف ورزی ہوگی تو مداخلت کریں گے۔عمران خان کے خلاف ’’آزادی مارچ‘‘ کے حوالے

سے عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہیں۔سماعت کے آغاز میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ درخواست پہلے والی درخواست کا تسلسل ہے، گزشتہ دھرنے کے دوران شہریوں کے حقوق متاثر ہوئے، بیان حلفی دیا گیا تھا کہ شہریوں کو پریشانی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عدالت کا حکم ایک مخصوص جگہ تک تھا تاہم دھرنا ڈی چوک تک لایا گیا، جب مخصوص جگہ پر نہ گئے اور ڈی چوک کی جانب آئے تو مالی نقصان ہوا۔دوران سماعت اٹارنی جنرل نے عدالت کا 25 مئی کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور استدعا کی کہ عدالت ان کو سزا دے جنہوں نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔

اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کی توہین عدالت کی درخواست ہے، سپریم کورٹ میں عمران خان کے لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی، اس درخواست کی سماعت کے دوران عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی لیکن یقین دہانی کے باوجود عمران خان نے کارکنان کو ڈی چوک کی کال دی۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کے حکم پر سری نگر ہائی وے گراؤنڈ کے راستے کھول دیئے گئے تھے۔.

سری نگر ہائی وے کا گراؤنڈ انہوں نے خود مانگا تھا، کارکنان کال پر ڈی چوک کی جانب آ گئے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان ریڈزون کی جانب آئے اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین نے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مظاہرین کے ریڈزون کی جانب آنے پر 25 مئی کی رات متفرق درخواست دائر کی جس میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی استدعا کی۔

عدالتی کارروائی کے دوران وکلا تحریک انصاف قیادت کے ساتھ رابطے میں تھے۔چیف جسٹس عمرعطابندیال نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ عبوری آرڈرز کس لیے دیں؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عمران خان تعلیمی اداروں میں طلبا اور عوام کو اکسا رہے ہیں۔چیف جسٹس عمرعطابندیال نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک عدالت ہیں۔

آپ کے مطابق عدالتی احکامات کی پہلے ہی خلاف ورزی کی جا چکی ہے، آپ ایگزیکٹو اتھارٹی ہیں، اْس وقت عدالتی احکامات پر انحصار کر رہے تھے، موجودہ صورتحال میں آپ کو اختیار ہے کہ آپ روکنے کیلئے اقدامات کریں۔چیف جسٹس نے کہا کہ 25مئی واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے، پبلک پراپرٹی کو نقصان ہوا،کیس داخل نہ ہوا، دوسرے دن عمران خان صبح سویرے واپس چلے گئے۔

چیف جسٹس عمرعطابندیال نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے میں رپورٹس کا جائزہ لیں گے، آپ اپنے آپ کو قانون کے مطابق تیار کریں۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلام آبادمیں آزادکشمیر اور خیبرپختونخوا کی پولیس بھی داخل ہوئی تھی۔اس دوران عدالت نے اٹارنی جنرل کو پولیس اور انتظامیہ کی جمع کردہ رپورٹس فراہم کیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہہ یہ خفیہ رپورٹس ہیں، ان کا جائزہ لیں۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالتی حکمنامے میں کارکنان کی پکڑ دھکڑ سے روک دیا گیا، عدالت نے پی ٹی آئی لیڈر شپ کو اپنے کارکنان کو پرسکون رہنے کی بھی ہدایت کی، سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ فی الحال تحمل میں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں آئی ایس آئی، آئی بی، آئی جی اسلام آباد وزارت داخلہ اور چیف کمشنر سے رپورٹ طلب کی کہ آیا پی ٹی آئی لیڈر شپ نے یقین دہانی کی خلاف ورزی کی یا نہیں، متعلقہ اداروں نے رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کرائیں، مجھے ان رپورٹس کی کاپی نہیں مل سکی۔چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹس کی کاپی آپ کو فراہم کردی جائیگی، آپ کو کاپی ملنے کے بعد دوبارہ سماعت کریں گے۔

اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میری عدالت سے عبوری حکم کی بھی استدعا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عبوری حکم جاری کریں؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کو جہاد قرار دے رہے ہیں، وہ اپنی تقریروں سے لوگوں کو اکسا رہے ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے، احتجاج کرنا بنیادی حق ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ عدالت کو دی گئی یقین دہانی کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور دوبارہ لانگ مارچ اور دھرنے کا پلان ہے، آپ قانون کے مطابق صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں، شہر کے علاقوں کے تحفظ کے اقدامات اٹھا سکتے ہیں، ابھی تک تو فی الحال تقریریں ہیں۔چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ آپ شہری علاقوں میں جہاں تھریٹس ہیں وہاں اقدامات کریں۔

رپورٹس میں بڑے ٹھوس جوابات دئیے گئے ہیں، 31 شہری 25 مئی کو تصادم سے زخمی ہوئے، عمران خان نے اگلی صبح لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ جب لوگ ہوں تو آپ کی استدعا ہونی چاہیے کہ ہجوم کو روکیں، ابھی تو کوئی ہجوم نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق 300 کے قریب افراد ریڈ زون کی جانب داخل ہوئے تھے۔

بظاہر لگتا ہے وہ مقامی لوگ تھے، اگر احتجاج کرنے والے ہوتے تو زیادہ ہوتے۔انہوں نے اٹارنی جنر ل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جب صورتحال سامنے آئی تو ہم نے چھٹی والے دن عدالت لگائی۔چیف جسٹس عمر عطابندیال نے اٹارنی جنر ل کو ہدایت دی کہ آپ کو اس صورتحال میں مضبوط دلائل دینے ہوں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ صورتحال ایسی ہے جس میں سب کو سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

جمہوریت معیاری قیادت پیدا کرتی ہے، ہم نے ہمیشہ قانون کی بات کی ہے، ہم سیاسی کردار نہیں ہیں اور نہ ہی سیاسی اقدامات لے سکتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ جب بھی ہماری مداخلت درکار ہوئی تو چھٹی کے دن بھی پہنچیں گے، عدالت کے سامنے ٹھوس مواد لے کر آئیں، ہمارا کام توازن رکھنا ہے، احتجاج کا حق بھی مشروط ہے۔انہوںنے کہاکہ کسی سیاسی لیڈر نے ہمارے حکم کی خلاف ورزی کی تو اس کے سنگین نتائج ہیں۔

آئین اور قانون کے مطابق اقدامات اٹھانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ کوئی آکر کہہ دے کہ عمران خان کا لانگ مارچ کا کوئی ارادہ نہیں اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں ہم دوسری بار ان سے یقین دہانی لیں، انتظامیہ اپنے آپ کو صورتحال کیلئے مکمل تیار کرے، جب کسی بھی طرف سے قانون کی خلاف ورزی ہوگی تو مداخلت کریں گے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آپ پہلے رپورٹس کا جائزہ لے لیں، آپ قبل از وقت ایسی صورتحال کے احکامات چاہتے ہیں جو ابھی سامنے نہیں آئے، جب کچھ ہو تو آپ عدالت کے پاس آسکتے ہیں۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ عوام کا سیلاب آسکتا ہے، اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کہاں ہے عوام کا سیلاب؟

گزشتہ مرتبہ 200، 300 لوگ کلوز ایریا میں داخل ہوئے تھے۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو عمران خان کے سابقہ احتجاج سے متعلق عدالتی حکم پر جمع شدہ ایجنسیوں کی رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کے خلاف عبوری حکم جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…