نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے جب لگ بھگ تمام ٹیمیں آسٹریلیا پہنچ چکی ہیں اور وارم اپ میچز جاری ہیں تو ایسے میں انڈین سوشل میڈیا میں ’اریسٹ کوہلی‘ کا ٹرینڈ خاصا چونکا دینے والا ہے۔اس ہیش ٹیگ کے تحت گذشتہ
کچھ گھنٹوں میں ہزاروں ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔ انڈین کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ ہیش ٹیگ ظاہر کرتا ہے کہ ایک ہی ملک میں کرکٹ کے مداح کتنے اور کس حد تک منقسم ہو سکتے ہیں۔ٹرینڈز کو دیکھ کر جب مزید جاننے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی اور آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ایک مداح نے مبینہ طور پر انڈین کپتان روہت شرما اور ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے ایک فین کو صرف اس لیے قتل کر دیا کیونکہ مقتول یہ ماننے سے گریزاں تھا کہ کوہلی انڈیا کے بہترین کرکٹر ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ضلع آریالور میں حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک کرکٹ فین نے پسندیدہ کرکٹرز کو برا بھلا کہنے پر اپنے دوست کو قتل کر دیا۔انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا،جب ملزم اور مقتول شراب پینے کیلئے باہر جارہے تھے۔ دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو اس وقت شدت اختیار کرگئی جب24 سالہ وگنیش اور دھرمراج کے درمیان کرکٹ پر بحث شروع ہوئی۔اس دوران وگنیش نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بارے میں کچھ برا بھلا کہا جو دھرمراج کو برادشت نہ ہوا اور دونوں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی تاہم دیکھتے ہی دیکھتے دھرمراج نے اپنے دوست کو چھری کے وار سے قتل ردیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں دوست نشے کی حالت میں تھے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔