ریاض(این این آئی)سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سعودی سکیورٹی اہلکار کی گردش کرنے والی ویڈیو نے ملک بھر سے خوب داد سمیٹی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اہلکار کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام کو سراہا ہے۔ویڈیو کلپ میں مغربی سعودی عرب کے
شہر طائف میں ایک حفاظتی گشت کو دکھایا گیا تھا جس کا کمانڈر ایک بزرگ شخص کو سڑک پار کرنے اور گاڑیوں سے بچانے کے لیے اس کی رہنمائی کر رہا ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ کمانڈر کا یہ اقدام سیکورٹی والوں کے انسانی اخلاق اور اعلی رویوں کو ظاہر کر رہا ہے۔اس ویڈیو کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ماہر تعلیم اور سماجی ماہر ڈاکٹر خالد بن علی القرشی نے بتایا کہ سکیورٹی پر مامور اہلکار سڑک کو منظم کرنے اور حفاظت کرنے اور اپنا کام ایمانداری اور اہلیت کے ساتھ انجام دینے سے مطمئن نہیں تھا تو اس نے بزرگوں کے لیے شفقت اور محبت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی مدد کرنے اور دوسروں کو خوشی دینے کا روحوں پر ایک اچھا اثر مرتب ہوتا ہے۔ ایسے اعماال خوبصورت نفسیاتی اور سماجی اثر چھوڑتے ہیں۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوجاتا ہے کہ جو بھی دوسروں کی مدد کرتا ہے وہ دوسروں سے اس لحاظ سے ممتاز ہوتا ہے کہ وہ نیک دل اور عظیم انسان ہے۔