لاہور(این این آئی ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پاسپورٹ مل جانے کے بعد لندن روانہ ہوگئیں۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور ایئرپورٹ سے قطر ایئر کی پرواز 629 کے ذریعے براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئیں، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان
اور ایک ملازمہ بھی ان کے ساتھ روانہ ہوئی ہیں، مریم نواز 3 سال بعد اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کریں گی جبکہ اپنے بھائیوں سے بھی تقریبا 4 سال بعد ملیں گی۔مریم نواز کی واپسی ایک ماہ بعد 6 نومبر کو شیڈول ہے، نوازشریف کا مریم نواز کے ساتھ واپس آنے کا امکان ہے۔لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد سے ملنے کے لئے بے چین ہوں، احساسات بیان نہیں کر سکتی، نوازشریف کا راستہ صاف، اب عدالت میں درخواست دیں گے، عمران خان کی گردن قانون کے شکنجے میں پھنسنے لگتی ہے تومعافی مانگ لیتے ہیں،ایوان صدر میں خفیہ ملاقاتیں کرنے والا این آر او مانگ رہا ہے۔قبل ازاں نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز لاہور ایئرپورٹ روانگی سے پہلے دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد گزشتہ روز مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا تھا، مریم نواز اپنا پاسپورٹ لینے لاہور ہائیکورٹ پہنچیں جہاں انہوں نے رجسٹرار کے کمرے سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا۔