واشنگٹن ، راولپنڈی (این این آئی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ امریکہ کے مطابق اہم ملاقاتیں متوقع ہیں جب صحافیوں سے آرمی چیف کے دورے کے بارے میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان سے معلومات مانگی تو انہوں نے کہا کہ ہاں
، وہ یہاں ہیں تاہم پاکستانی سفیر نے آرمی چیف کے سفر کے پروگرام کو شیئر کرنے سے گریز کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن، نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ایورل ڈی ہینس اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم جے برنز کی ملاقات متوقع ہے۔علاوہ ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکہ کے دور ان یو این سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ یواین ملٹری ایڈوائزر نے امن دستوں اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر جنرل بیرامے ڈیوپ سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال سمیت پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کی اقدار کے فروغ اور تنازعات کے
دوران ردعمل میں اقوام متحدہ کے فوجی مشیر کے دفتر کے کردار کو سراہا۔اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔
انہوں نے سیلاب متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیر معمولی کامیابیوں کا بھی اعتراف کیا۔