اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین تحریک انصا و سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسلا میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب لوگوں کے ضمیروں کا سودا ہو رہا تھا تو غلام سرور خان میرے ساتھ کھڑے رہے،
پاکستان کو ایسے سیاستدانوں کی ضرورت ہے جن کے ضمیر برائے فروخت نہیں ہوتے۔ہم نیو ز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بزدل آدمی ہے جو ملک سے باہر بھاگ گیا ہے، اسحاق ڈار نواز شریف سے بھی زیادہ بزدل آدمی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار کو طاقتور لوگ پاکستان لائے ہیں، اسحاق ڈار کو یقین دلایا گیا کہ تمہیں کچھ نہیں ہوگا، اسحاق ڈار ڈیل کے بغیر پاکستان نہیں آسکتا تھا، ہر دوسرے دن ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن پاکستانی قوم نے خوف کے بت کو توڑ دیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں پیٹرول 150 روپے فی لیٹر تھا، بجلی کی فی یونٹ قیمت ٹیکس کے ساتھ 50 روپے تک پہنچ گئی ہے، پاکستان کا تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے، پاکستان کی معیشت ہر روز نیچے جا رہی ہے، حکمرانوں نے کرپشن کے کیسز معاف کرائے اور مہنگائی میں اضافہ کیا۔