اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وطن واپسی سے متعلق لندن اور پاکستان میں وکلاء کو عدالت سے رجوع کرنے کیلئے پٹیشن تیار کرنیکی ہدایت دیدی،وطن واپسی اسلام آباد میں ہو گی یا لاہور، حتمی فیصلہ نواز شریف لیگی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے،
پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کی عدالت سے بریت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کا قوی امکان ظاہر کیا جار ہا ہے اور وطن واپسی سے متعلق ن لیگ کے قائد نواز شریف نے لندن میں اپنے وکلاء سے مشاورت کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں موجود اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے، نواز شریف نے وکلاء کو عدالت سے رجوع کرنے کیلئے پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت بھی دی ہے، وکلاء اسحاق ڈار کی طرز پر نواز شریف کا کیس تیار کریں گے، عدالتی حکم کے تناظر میں نواز شریف وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے، ادھر مسلم لیگ ن کی قیادت نے پنجاب تنظیم کو نواز شریف کے فقید المثال استقبال کی تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے جبکہ قیادت کی ہدایت پر مسلم لیگ ن پنجاب نے تمام ذیلی تنظیموں کو نواز شریف کے شاندرد استقبال کی ہدایات جاری کر دیں، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی لندن روانگی بھی متوقع ہے تاہم لاہور ہائیکورٹ سے پاسپورٹ ملنے کی صورت میں ہی مریم نواز لندن جائیں گی، مریم نواز اور دیگر پارٹی کے اہم رہنما بھی نواز شریف کی ہمراہ وطن واپس آئیں گے،ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آ کر ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے، نواز شریف پارٹی کی تنظیم نو اور پارٹی کے دیگر امور کی نگرانی بھی کریں گے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی تقاریر نشر و شائع کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے کے لئے جلد عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔