اسلام آباد (این این آئی، آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل باجوہ نے عمران خان سے ایک بار نہیں کئی بار کہا تھا کہ وزیراعظم ہائوس میں بات کرنا محفوظ نہیں۔اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ آرمی چیف نے عمران خان کو کہا تھا وزیراعظم ہائوس کو ڈی بگ کرنا چاہیے، آرمی نے جی ایچ کیو کی سائبر سکیورٹی محفوظ کر لی تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی ایجنسیوں نے وزیراعظم عمران خان کی گفتگو ہیک کرنے کے لیے پیگاسس پروگرام خریدا تھا۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سے گفتگو کی تازہ آڈیو لیک نے امریکی سازش سے رجیم چینج(سائفر)کے بیانیہ کا بھانڈہ پھوڑ دیاہے۔تفصیل کے مطابق ملک میں اعلیٰ شخصیات کی خفیہ گفتگو افشاں ہونے کا سلسلہ جاری ہے ،سابق وزیراعظم عمران خان کی بھی آڈیو لیک ہوگئی۔ سائفر کے معاملے پر عمران خان اپنے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو حکمت عملی بتا رہے ہیں۔آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں ہم نے صرف اس پر کھیلنا ہے، امریکہ کا نام نہیں لینا۔اعظم خان نے کہا کہ سائفر پر ایک میٹنگ کرلیتے ہیں، شاہ محمود خط پڑھ کر سنائیں گے، وہ پڑھ کرسنائے گا تو میں کاپی کرلوں گا آرام سے توآن ریکارڈ آجائے گی کہ یہ چیز ہوئی ہے، سفارتی زبان میں اسے تھریٹ کہتے ہیں، پھر تجزیہ اپنی مرضی کے منٹس میں کردینگے تاکہ منٹس آفس کے ریکارڈ میں ہوں۔
تجزیہ یہ ہوگا کہ یہ سائفر تھریٹ ہے، دیکھیں پھر منٹس تو میرے ہاتھ میں ہیں نا،اپنی مرضی سے منٹس ڈرافٹ کرلیں گے، تاکہ وہ چیزیں ریکارڈ میں آجائیں آپ یہ دیکھیں کہ وہ قونصلیٹ فاراسٹیٹ ہیں، آپ فارن سیکرٹری کو بلائیں تاکہ پولیٹیکل نارہے اوربیوروکریٹک ریکارڈپہ چلاجائے۔عمران خان نے کہا کہ اس میٹنگ میں شاہ محمود ، آپ (اعظم خان) میں اورسیکرٹری خارجہ سہیل محمود ہوں گے، اسے فارن سازش بنادیتے ہیں۔