اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پنڈی کو بتادیا ہے کہ اگر موجودہ حکومت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کرے گی تو پھر تنازع اگلے تین سال
جاری رہے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ تعلقات تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھی خراب نہیں ہوئے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہم نے پنڈی کے تحفظات ختم کرنے کی کوشش کی ہے، ہم تنازع ختم کرنا چاہتے ہیں، حکومت سے کہا ہے کہ مل بیٹھ کر مسئلے کو حل کریں، ہم نے پنڈی کو بتایا ہے آرمی چیف یہ حکومت لگائے گی تو تنازع تین سال رہے گا، اگر تنازع ختم کرنا ہے تو پھر الیکشن تک ریٹائرمنٹ موخر کردیں۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنمااور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے قائم فنڈز میں رقوم جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہم یہ فنڈز خرچ کرنے کیلئے مشترکہ منصوبہ بندی چاہتے تھے۔اپنے ٹویٹر پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کیلئے تونسہ پہنچیں گے، سیلاب زدگان کی امداد کیلئے قائم فنڈز میں رقوم جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہم یہ فنڈز خرچ کرنے کیلئے مشترکہ منصوبہ بندی چاہتے تھے۔لیکن وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کا عالم یہ ہے کہ کوئی جواب نہیں بہرحال ہماری تیاری جاری ہے۔