اسلام آباد ( آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چودھری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی۔کیس کی سماعت جسٹس بابر ستار نے کی۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس بابر ستار نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ فواد چوہدری نے ایسا کیا کہہ دیا ہے کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ فواد چودھری نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کے خلاف توہین آمیز بیان دیا،فواد چودھری کے خلاف کریمنل توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ یہاں پر روز عدالتی فیصلوں پر تنقید کی جاتی ہے، ایسے بیانات پر توہین عدالت کی کاروائیاں کریں گے تو اور کام کیسے ہوں گے، کیا سارا دن یہی کام کرتے رہیں۔ دو قسم کے بیانات پر توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے۔سیاسی بیانات کے ذریعے فیصلوں پر تنقید سے توہین عدالت نہیں ہوتی،جس کیس کا آپ حوالہ دے رہے ہیں لارجر بینچ کے سامنے زیر سماعت ہے،عدالت نے فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔