کراچی(این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما، رکنِ سندھ اسمبلی، دعا بھٹو کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک دلخراش ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی، حلیم عادل شیخ کی اہلیہ، دعا بھٹو کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر
کی گئی ویڈیو میں سیلاب سے متاثرہ ایک ننھا سا بچہ کچی زمین پر بیٹھا گھاس کھا رہا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھوک اور معصومیت کے ہاتھوں مجبور بچے کو گھاس کا ذائقہ ستا رہا ہے مگر وہ کبھی گھاس منہ سے نکال کر پھینک رہا ہے تو کبھی دوبارہ کھانے کے لیے منہ میں ڈال رہا ہے۔دوسری جانب دعا بھٹو نے اپنے ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ کونسی قیامت کیسی قیامت کا ہم انتظار کر رہے ہیں، یہ قیامت ہی تو ہے۔دعا بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں قوم کے مستقبل کے اس سپوت سے معافی مانگتے ہوئے لکھا ہے کہ بیٹا ہمیں معاف کرنا۔ واضح رہے کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کا ٹرین آپریشن بدستور معطل ہے جس کے سبب کراچی کینٹ اسٹیشن بھی ویران ہوگیا۔پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کا اندرون ملک ٹرین رابطہ 26اگست سے منقطع ہے ٹنڈو آدم سے روہڑی تک متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی سے اندرون ملک ٹرین آپریشن مزید 3 دن کے لییمعطل رہے گا، کراچی سے روہڑی تک سنگل لائن کارگو ٹرین آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
روہڑی سے نوابشاہ تک ڈاؤن ٹریک ابھی تک ٹرین آپریشن کے لیے مرمت نہیں ہوا، پڈعیدن ریلوے اسٹیشن سے بھریاروڈ تک ریلوے ٹریک پر7انچ سے زیادہ پانی موجود ہے۔ذرائع کے مطابق دوڑ اور باندھی کے درمیان ریلوے ٹریک پر 5انچ تک پانی جمع ہے جبکہ بوچیری ریلوے یارڈ سے 4کلومیٹر تک ریلوے ٹریک زیرآب ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بوچیری سے نواب شاہ تک متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پر15انچ سے زائد پانی موجود ہے اس کے علاوہ ٹنڈو آدم سے روہڑی تک ٹریک اور اطراف کا علاقہ زیر آب ہے اور سگنل سسٹم بھی کام نہیں کررہا۔کراچی کینٹ اسٹیشن پر ویرانی کے باعث مسافروں اور ان کے سامان کا تعاقب کرتے قلی کام نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔