لاہور( این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر ستمگر مہینے ہیں ،یہ سیاسی بھونچال لائیں گے، دنیا میں تیل کی قیمت گررہی ہے یہاں حکومت ڈیزل10روپے اور بجلی4.5روپے مہنگی کررہی ہے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید
نے کہا کہ (ن) اور (ش) ہی آمنے سامنے نہیں پی ڈی ایم بھی ٹوٹ پوٹ کا شکار ہوگی،تعیناتیاں،تنزلیاں،تبدیلیاں اور اہم عدالتی فیصلے انہی دو مہینوں میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد غذائی اور وبائی بحران آائے گا،نوازشریف کے راستے کی رکاوٹ شہباز شریف خود بنیں گے۔انہوںنے کہا کہ عوام کو بے زبان،بے آوازسمجھنے والے پچھتائیں گے۔غذائی قلت گوداموں اوردکانوں کو لوٹ کھائے گی۔انہوں نے کہاکہ عدلیہ کا ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ رویہ قابل تعریف ہے۔انہوںنے کہا کہ حکمران سیلاب کے بہانے بھارت سے تجارت اوراسرائیل سے دوستی کریں گے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے شہری محمد خان مدنی کی درخواست پر سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کیا ۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے خود رجوع کررکھا ہے ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیمرا کا حکم معطل کررکھا ہے ،درخواست گزار درخواست کی مزید کاروائی نہیں کرنا چاہتا ،عدالت درخواست واپس لینے کی بنیاد پر مسترد کرنے کا حکم دیتی ہے ۔