لاہور( آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام مریم صفدر سے پوچھ رہیے ہیں کہ شریف خاندان کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے کتنی امداد کا اعلان کیا گیا ہے اور اپنے دوروں میں وہ متاثرین میں
کتنا تقسیم کر چکی ہیں ،پہلے چچا کو فوٹو شوٹ کا شوق تھا اب بھتیجی بھی ان کے نقش قدم پر چل نکلی ہے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے تو ٹیلی تھون کر کے سیلاب متاثرین کے لئے پانچ ارب روپے سے زائد اکٹھے کئے ہیں اب پی ڈی ایم والے بھی اکیلے اکیلے نہ سہی ایک پلیٹ فارم سے ہی ٹیلی تھون کر کے دکھائیں عوم انہیں متاثرین کے لئے کتنی امداد دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کا سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے متاثرہ علاقوں میں جانا اچھی بات ہے لیکن جس طرح وہ صرف خطابات اور فوٹو شوٹ کرا رہی ہیں اس کیلئے سیلاب متاثرین کے زخم مندمل ہو نے کا انتظار کر لیتیںاورپھر چلی جاتیں ۔ مریم صفدر کے خاندان نے قوم کے اربوں روپے لوٹے ہیں اگر وہ اس میں سے کچھ حصہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کر بھی دیں تو ان کے اکائونٹس کوکوئی فرق نہیں پڑے گا ۔